قوانین کا جائزہ لیا جائے گا: گیلانی

- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نےکہا ہے کہ جو قوانین مذہبی ہم آہنگی بڑھانے میں رکاوٹ ہیں ان کا مذہبی امور، اقلیتوں کے وزراء اور آئینی ماہرین مل کرجائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ اس معاملے کو کس طرح حل کیا جاسکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے وسطی پنجاب کے شہر گوجرہ میں متاثرہ مسیحوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علاقےکے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ مل کر موجودہ (کشیدہ) صورتحال کو معمول پر لائیں۔
گذشتہ ہفتے میں ہونے والے فسادات میں سات مسیحی پاکستانی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے جبکہ دو مسیحی آبادیوں کے درجنوں گھروں کو آگ لگائی گئی اور انہیں مسمار کردیاگیا تھا۔ وزیر اعظم نے متاثرہ آبادیوں کا دورہ کیا اور نقصانات کے جائزے کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف، وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی بھی تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر متاثرین کے لیے دس کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ مالی نقصان کا مجموعی تخمینہ بیس کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس کا ازالہ کریں گی۔
نہوں نے اعلان کیا کہچرچ اور اقلیتوں کے تمام مقدس مقامات وزارت اقلیتی امور کے دائرہ کار میں لائے جارہے ہیں اور ان کی مرمت، تزین وآرائش اور ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے اقلیتوں کے طلبہ کے سکالر شپ اور تعلیمی اداروں میں داخلے کا کوٹہ بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گیارہ اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا گیا اور انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایسے انتظامات کیے جائیں کہ اقلتیں اس دن کو اطمینان کے ساتھ منا سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا تقرر ایک خوش آئند بات ہے اور اس کی سفارشات پر من وعن عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری برابر ہیں، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور جو بھی اس جرم کا مرتکب ہوا ہے اس کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ ’علماء اکرام محب وطن ہیں لیکن ان میں جو چند لوگ انتہاپسند اور دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کی بات الگ ہے باقی ہمارے لیے قابل احترام ہیں‘۔






















