بلوچستان کے صوبائی وزیر قتل

- مصنف, احمد رضا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان کے صوبائی وزیر میر رستم خان جمالی کو ہلاک کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق رستم خان جمالی جمعرات کی شام کراچی کے نواحی علاقے گلستان جوہر میں اپنیپراڈو گاڑی میں گزر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
<span xml:lang="er"><link type="page"><caption> سردار رستم جمالی کون؟</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2009/08/090807_rustam_profile.shtml" platform="highweb"/></link> </span>
انہیں شدید زخمی حالت میں آغا خان ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کے مطابق ان کے جسم میں تین گولیاں پیوست تھیں۔
کراچی پولیس کے سربراہ وسیم احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ قتل کے محرکات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔
’جو ملزمان آئے وہ فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ اب یہ نہیں پتہ چل رہا کہ اس کی وجوہات کیا تھیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے رستم جمالی کی گاڑی نہیں چھینی اور نہ ہی ان کی گاڑی پر گولی کا کوئی نشان ملا ہے جس سے بظاہر لگتا ہے کہ چونکہ ان کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے اس لئے واقعے کے پیچھے دشمنی کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
46 سالہ میر رستم خان جمالی بلوچستان کے ایکسائز اور ٹیکسیشن کے وزیر تھے۔
ان کا تعلق سندھ کی سرحد کے قریب واقع ضلع جعفر آباد سے تھا۔ ان کے والد سردار یار محمد خان جمالی اپنے قبیلے کے سردار ہیں اور سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی کے قریبی رشتے دار ہیں۔
رستم جمالی آزاد امیدوار کی حیثیت سے 2008ء کے عام انتخابات میں جعفرآباد سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور بعد میں انہوں نے پیپلز پارٹی کی غیرمشروط حمایت کی تھی۔
ان کے والد سردار یار محمد خان جمالی نے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں 2007ء میں مری اور بگٹی قبیلوں کے علاقوں میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اس سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔
کراچی میں حالیہ مہینوں میں بلوچستان سے منتخب ہونے والے کسی رکن اسمبلی پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے پہلے کراچی میں مقیم بلوچستان کے رکن قومی اسمبلی میر اسلم بزنجو گھر پر موصول ہونے والے پارسل بم پھٹنے سے چار اہل خانہ سمیت زخمی ہوگئے تھے۔






















