سابق سیکرٹری خارجہ مردہ پائے گئے

- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
اسلام آباد پولیس کے مطابق پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ نیاز اے نائیک اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے ہیں اور حکام کے مطابق ان کی میت تین روز پرانی لگتی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس ساجد کیانی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ نیاز اے نائیک کا اپنے دوست اور موجودہ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر سے دو روز سے رابطہ نہیں ہوا تھا جس پر انہوں نے کچھ لوگوں کو سیکٹر ایف سکس تھری میں واقع ان کے گھر بھیجا تو مکان سے عجیب قسم کی بو آ رہی تھی۔
یہ اطلاع ملنے پر جب پولیس نے کھڑکی کے راستےگھر کے اندر جا کر دیکھا تو وہاں نیاز اے نائک مردہ حالت میں پڑے تھے اور ابتدائی طور پر ایسا ہی لگتا ہے کہ یہ طبعی موت ہے۔ سپرٹنڈنٹ پولیس کے مطابق گھر میں کوئی بے ترتیبی نہیں پائی گئی اور ظاہری طور پر لاش دیکھنے سے ایسا لگتا تھا کہ ان کی موت دو سے تین دن پہلے ہو چکی تھی۔
پولیس نے نیاز اے نائیک کی ہلاکت کی وجہ جاننے کے لیے ان کی لاش پوسٹمارٹم کے لیے پمز ہسپتال بھجوا دی ہے۔
نیاز اے نائیک غیر شادی شدہ تھے اور اس مکان میں اکیلے رہتے تھے۔ ان کے گھر پر کوئی ملازم وغیرہ بھی نہیں تھے۔پولیس حکام کے مطابق نیاز نائیک کے بھائی اعجاز نائیک سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ان کے خاندان کی کچھ خواتین کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
نیاز اے نائیک سنہ انیس سو بیاسی سے انیس سو چھیاسی تک پاکستان کے سیکرٹری خارجہ رہے اور آنے والے سالوں میں وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی کے حوالے سے کافی متحرک رہے تھے۔


















