پشاور بم دھماکے میں ایک ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں مقامی ناظم پر ہونے والے بم حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔ تاہم ناظم عبدالمالک محفوظ ہیں۔
پولیس اہلکار شہسوار خان نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کو علاقہ متنی کے ناظم عبدالمالک اپنی ذاتی گاڑی میں گھر سے قریب واقع بازار جارہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں عادل خان نامی راہ گیر ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔
اہلکار کے مطابق دھماکے میں گاڑی بھی مکمل طوپر تباہ ہوگئی ہے اور قریبی دوکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ دھماکے کی جگہ پر ایک گہرا گڑھا بن گیا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پولیس کے ٹھکانوں پر راکٹوں سے حملے بھی ہو رہے ہیں تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ پشاور کے علاقے متنی نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے سرحد پر واقع ہے جہاں پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ہوچکے ہیں۔ ان حملوں میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں عام شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔


















