پشاور میں راکٹ حملے، تین ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
حکام کے مطابق صوبہ سرحد کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں پیر اور منگل کی درمیانی شب راکٹ حملوں میں تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس اہلکار عمران خان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ گزشتہ رات گیارہ بجے کے قریب قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے حدود سے نامعلوم شدت پسندوں نے پشاور شہر پر متعدد راکٹ فائر کیے جن میں سے دو راکٹ ولی آباد اور ایک راکٹ ابدرہ روڈ پر کسٹم چوک کے قریب گرا۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ والی آباد میں ایک سابقہ آرمی اہلکار مکرم خان کا مکان راکٹ کا نشانہ بنا جس کے نتیجہ میں ان کی بیوی فقیر بی بی ہلاک ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ابدرہ روڈ پر راکٹ گرنے سے مراد علی نامی شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ راکٹ حملوں میں نو افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا اور منگل کی صبح زخمیوں میں شامل ایک بچی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔
انہوں نے کہا کہ راکٹ حملوں کے بعد نامعلوم شدت پسندوں نے خیبر ایجنسی کے قریب پشاور کے علاقے میں آباد رہائشیوں پر کئی گھنٹوں تک فائرنگ بھی کی ہے تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
خیال رہے کہ پشاور کے قریب خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ایک ہفتے سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے جس میں شدت پسندوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔


















