پنجگور:جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل ہلاک

کوئٹہ میں رینجرز(فائل فوٹو)
    • مصنف, ایوب ترین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

بلوچستان کے علاقہ پنجگور میں اسمگلروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فرنٹیئر کور کے ایک لیفٹیننٹ کرنل ہلاک اور تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

مقابلے کے بعد سمگلر ایران کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے مشکے میں جمعرات کے روز اسمگلروں اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس میں ایف سی کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ کرنل جواد احمد خان ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ میں ایف سی کے ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سکیورٹی فورسز نے اسمگلروں کے ایک قافلے کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر اسمگلروں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ سے اسمگلر فرار ہو کر ایران کی سرحدی حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

جواد احمد کی میت کو جمعرات کی رات پنجگور سے کوئٹہ لایا جا رہا ہے جہاں جمعہ کی صبح جشنِ ازادی کی تقریب سے قبل ان کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی اور پھر ان کی میت ان کے آبائی علاقے مردان روانہ کر دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ایرانی سرحد سے ملحقہ بلوچستان کا جنوبی مغربی علاقہ افغانستان سے پاکستان کے راستے یورپ اور خلیجی ممالک کے لیے منشیات کی اسمگلنگ کے لیے ایک بڑے روٹ کے طورپر استعمال ہو رہا ہے۔