ٹانک: طالبان گروہوں میں تصادم، متعدد ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے نیم قبائلی علاقے ایف آر ٹانک میں طالبان کے دو گروپوں کے درمیان تصادم میں کم از کم بائیس افراد ہلاک اور پینتیس گھروں کو جلا دیا گیا۔
پولیٹکل انتظامیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ آٹھ سو کے قریب مسلح طالبان نے سراروغہ کے قریب سرغر میں طالبان کمانڈر ترکستان بٹینی کے ایک ٹھکانے پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس میں ترکستان بٹینی گروپ کے سات طالبان ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ بیت اللہ گروپ کے طالبان نے حملے میں 35 گھروں کو جلا دیا ہے جبکہ حملے کے بعد بٹینی گروپ کے پندرہ طالبان کو اغواء کر کے ساتھ لے گئے ہیں۔
بعد میں لڑائی دیر علاقوں تک پھیل گئی اور فوجی گن شپ ہیلی کاپٹر علاقے پر پرواز کرتے دکھائی دینے لگے۔
اسی دوران فوجی گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بیت اللہ محسود گروپ کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور ان گاڑیوں میں سوار پندرہ سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا۔
دوسری جانب نے ترکستان بٹینی نے حملے میں ساٹھ سے ستّر افراد کو ہلاک کرنے اور بیت اللہ گروپ کے پندرہ سے بیس افراد پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
خیال رہے کہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سے ان دونوں گروپوں میں تصادم کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے صوبہ سرحد کے قصبے ٹانک میں بیت اللہ کے حامی طالبان نے ترکستان بٹینی کے حامیوں کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا اور اس حملے میں چھ افراد مارے گئے تھے۔


















