کراچی: مبینہ خودکش بمبار گرفتار

کراچی
،تصویر کا کیپشنمبینہ شخص کو کراچی کے نواحی علاقے سہراب گوٹھ سے گرفتار کیا گیا ہے
    • مصنف, نثار کھوکر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ خودکش بمبار کوگرفتار کیا گیا ہے جو شہر کی اہم عمارتوں اور حساس اداروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہیڈکوارٹر سعود مرزا نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ پولیس نے ایک شخص روز الدین عرف طور عرف ثواب خان کو کراچی کے نواحی علاقے سہراب گوٹھ سے گرفتار کیا ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق روز الدین کا تعلق بیت اللہ محسود کی تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جو شہر میں حساس اداروں کے افسران اور سرکاری عمارتوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پولیس کے مطابق روز الدین کے قبضے سے سولہ کلووزنی دھماکہ خیز مواد کی خودکش جیکٹ، ایک راکٹ لانچر، چار راکٹ، دس اینٹی ٹینک میزائل، دس گرینیڈ، ایک پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ ملزم جنوبی وزیرستان کے کیمپ سے تربیت یافتہ خودکش بمبار اور خودکش جیکٹ بنانے کے ماہر ہیں۔ انہوں نے اپنا تعلق قاری حسین محسود کے گروپ سے بتایا ہے جو پولیس کےمطابق تحریک طالبان پاکستان میں خودکش بمباروں کے امیر ہیں۔

ڈی آئی جی سعود مرزا کے مطابق ملزم نے شہر کے اہم سرکاری دفاتر،حساس اداروں کے اہلکار اور دیگر قومی تنصیبات کو اپنے اہداف میں شامل کیا تھا۔ انہوں نے دہشتگردی کے لیے ٹانک اور وزیرستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ کراچی پہنچایا ہے۔

پولیس نے ملزم روز الدین سے صحافیوں کی بات چیت نہیں کروائی اور پریس بریفنگ کےدوران وہ خاموش کھڑے رہے۔