’شدت پسند ختم یا منتشر واضح نہیں‘

رچرڈ ہالبروک
،تصویر کا کیپشنبیت اللہ محسود کی ہلاکت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تمام مسائل حل ہوگئے ہیں: ہالبروک
    • مصنف, بیورو رپورٹ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک کا مالاکنڈ آپریشن کے بارے کہنا ہے کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ شدت پسند ختم ہوگئے ہیں یا صرف منتشر۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک اتوار کے روز خرابی موسم کی وجہ سے صوبہ سرحد کے ضلع سوات کا دورہ پھر نہیں کرسکے لیکن انہوں نے اسلام آباد میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔

پاکستان کے چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچنے کے بعد امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک سوات جانا چاہتے تھے لیکن گزشتہ دورے میں حکومت کی جانب سے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اور اس مرتبہ خراب موسم کی وجہ سے نہیں جاسکے۔

اسلام آباد آمد پر اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تمام مسائل حل ہوگئے ہیں۔ رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ پاکستان میں طالبان کا خاتمہ ہوگیا یا وہ صرف منتشر ہوئے ہیں۔

حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سوات آپریشن کے تناظر میں ملکی صورتحال پر غور کیا ہے۔

اپنے قیام کے دوران رچرڈ ہالبروک صدر اور وزیر اعظم سمیت کئی دیگر اعلیٰ سول اور فوجی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ خیال ہے کہ پاکستانی قیادت ہالبروک پر پاکستان کی امداد کے لیے کیری لوگر بل کو امریکی کانگریس سے جلد منظور کروانے کا مطالبہ کرے گی۔

رچرڈ ہالبروک صوبہ سرحد اور فاٹا کی صورتحال پر عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی اور فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔