’بلوچستان کے مسئلے میں پیش رفت ہوئی ہے‘

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)
    • مصنف, عزیزاللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے میں پیش رفت ہوئی ہے اور اب اس بارے میں فیصلہ کرنا باقی ہے کہ اعلان جرگے میں کیا جائے، مخالف گروپس کے ساتھ بیٹھ کر یا کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے۔

اسلام آباد میں وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے دورے کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے سابقہ ادوار میں قائم کمیٹیوں کو رپورٹ کا جائزہ لے کر موجودہ حکومت کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کی سفارشات کو منظور کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے اب مخالف دھڑوں سے بات چیت ہو رہی ہے جس کے بعد اس کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ان سفارشات کا اعلان ایک جرگے میں کیا جائے یا مخالف دھڑوں کی موجودگی میں یا پھر کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس بارے میں مذاکرات ہو رہے ہیں اور جو تجاویز دی جائیں گی ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

بلدیاتی اداروں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اکتوبر تک یہ نظام صدر کے اختیار میں ہے اور اس کے بعد یہ نظام صوبائی حکومتوں کے اختیار میں ہوگا۔ جس طرح کا نظام صوبائی حکومتیں چاہتی ہیں اسی طرح کا نظام ہونا چاہیے اس لیے اس بارے میں اختیار بھی صوبائی حکومتوں کو دینے کی تجویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزارت قانون و انصاف کے پاس ایک سمری بھیجی گئی ہے اور اب سمری کی رپورٹ آئے گی تو فیصلہ بھی کر لیا جائے گا۔

احتساب کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس بارے میں حزب اختلاف کے ساتھ مل کر ایک بل ایوان میں پیش کیا جائے گا جس میں ایک ایسا نظام ہوگا جس میں سیاسی انتقام نہیں بلکہ حقیقی احتساب ہوگا۔