خودکش حملہ، دو اہلکار ہلاک

سوات میں سکیورٹی اہلکر (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنضلع سوات میں ایک ہفتے کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے
وقت اشاعت

صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ خودکش بمبار نے گرفتاری کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا کر دو سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا ہے۔

ایک سکیورٹی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کی شام کانجو چوک میں سکیورٹی فورسز کو ایک مشکوک شخص نظر آیا اور انہوں نے جب اسے پکڑنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ گیا۔ ان کے بقول مشکوک شخص ایک مکان میں داخل ہوا اور اس نے خود کو ایک دھماکے کے ساتھ اڑا دیا۔

سکیورٹی اہلکار کے بقول دھماکے کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال پہنچادیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعہ کے فوری بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے دکانیں بند کردیں۔

سوات میں جاری فوجی کارروائی کی کامیابی کے دعوؤں کے بعد یہ ایک ہفتے کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ پچھلے سنیچر کو بھی ایک مبینہ خودکش بمبار نے چہار باغ میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تھا جس میں تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

اگرچہ سوات میں طالبان کی مزاحمت میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم ایک ہفتے سے اس قسم کی کارروائیوں کی کوششوں نے لوگوں کی امیدوں کو ماند کر دیا ہے۔ سوات کے مختلف علاقوں سے گزشتہ ایک مہینے میں سو سے زائد لاشیں ملی ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ان میں سے زیادہ تر سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مرے ہیں تاہم حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔