پشاور میں خودکش دھماکہ، تین ہلاک

پشاور میں ایک خودکش دھماکے میں حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خودکش حملہ آور اور دو خواتین شامل ہیں۔
پشاور پولیس کے مطابق یہ دھماکہ مومن ٹاؤن کے علاقے میں ہوا۔
دھماکے کے بعد پشاور کے اعلٰی پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور پولیس فورس نے سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ایک پولیس اہلکار عبدالرشید نے بی بی سی اردو کے دلاور خان وزیر کو بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور خیبر ایجنسی میں سرگرم شدت پسند تنظیم لشکرِاسلام کے ترجمان کےجنازے کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
تاہم لشکرِ اسلام کے کارکنوں کو حملہ آور کی آمد کی اطلاع مل گئی اور انہوں نے اس کا پیچھا کیا تو حملہ آور نے مومن ٹاؤن کے ایک گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور اسی دوران اس کے جسم پر بندھا ہوا دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔
حکام کے مطابق اس دھماکے میں حملہ آور کے علاوہ گھر میں موجود دو خواتین ہلاک اور گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں تین خواتین اور آٹھ بچے ہیں۔ ڈی سی او پشاور صاحبزادہ انیس نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے۔


















