وزیرستان:قبائلی سردار سمیت پانچ ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجنوبی وزیرستان میں حکومت کے حامی یا جاسوسی کے الزام میں تین سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
  • وقت اشاعت

حکام کے مطابق قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کمانڈر نیک محمد کے چچا اور ایک قبائلی سردار سمیت پانچ افراد کو ہلاک کر دیا ہے ۔

ایک اعلٰی پولیٹکل اہلکار نے بی بی سی بات کرتے ہوئے بتایا کہ وانا سے تقریباً پندرہ کلومیٹر دور ژوغونڈی کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پانچ افراد کو اس وقت ہلاک کیا جب وہ ایک گاڑی میں غواہ خواہ کے علاقے سے وانا بازار جا رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد نامعلوم افراد ایک گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں قبائلی سردار ملک سرور خان، ان کا بیٹا بخمل خان، بھائی گلزار خان، ان کا بیٹا اور کمانڈر نیک محمد کے چچا بھی شامل ہیں۔ بخمل خان عوامی نیشنل پارٹی کے ایک سرگرم کارکن تھے۔

پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو ہزار سات سے پہلے ملک سرور خان غیر ملکی ازبک جنگجوؤں کو کمانڈر نور اسلام اور دیگر کمانڈروں کے ساتھ پناہ دینے والوں میں شامل تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سات سال کے دوران قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکومت کے حمایت یافتہ یاجاسوسی کے الزام میں تین سو افراد نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔