میزائیل: امریکی دعووں کی تردید

دفترِخارجہ کے ترجمان عبدالباسط
،تصویر کا کیپشنایسی بے بنیاد خبریں دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہیں
    • مصنف, ظہیر الدین بابر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان نے ایک امریکی اخبار میں چھپنے والی اس خبر کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی حکام نے پاکستان پر امریکہ کے ہارپون میزائلوں میں غیر قانونی تبدیلیوں کا الزام لگایا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی دفترِخارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ ہارپون میزائلوں میں تبدیلی کی خبر بے بنیاد ہے اور پاکستان نے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

<link type="page"><caption> ’ہارپون میزائیلوں کو جدید بنانے کا الزام‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2009/08/090829_harpoon_us_allege.shtml" platform="highweb"/></link>

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے سرکاری ذرائع کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان نے امریکہ سے خریدے ہوئے ہارپون میزائلوں کی صلاحیت بڑھا کر انہیں سمندر سے زمین پر مار کرنے کے قابل بنا لیا ہے، جو ہتھیاروں کی برآمد کے لیے امریکہ کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اخبار نے مزید کہا ہے کہ امریکی حکام نے جون میں وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر پاکستانی حکام کے سامنے سفارتی احتجاج بھی کیا تھا۔

امریکی اخبار کی اس خبر اور اس میں کئے گئے دعووں پر ردعمل میں پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا: ’جن صاحبان نے یہ تحریر لکھی ہے، وہ پہلے بھی پاکستان کے بارے میں بے بنیاد خبریں لکھتے رہے ہیں۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ یہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کے خلاف اس طرح کا پراپیگنڈہ کرتے ہیں۔ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ہم انہیں یکسر مسترد کرتے ہیں‘۔

امریکی اخبار نے خفیہ ایجنسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان نے ہارپون میزائل کی نئی صلاحیتوں کا کامیاب تجربہ بھی کیا ہے جسے منظرِعام پر نہیں لایا گیا۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے پاکستان کی طرف سے ایسے کسی بھی میزائل کے تجربے سے انکار کیا ہے جو سمندر سے زمین تک مار کر سکے۔

انہوں نے نیو یارک ٹائمز کے اس دعوے سے لاعلمی کا اظہار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے امریکی شبہات کو دور کرنے کے لیے اپریل میں امریکی حکام کو ہارپون میزائلوں کے ذخیرے کا معائنہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاک امریکہ تعلقات ایک تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی بے بنیاد خبروں سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو بقول ان کے ناکام ثابت ہوں گی۔