بھارت: انتخابی مہم آخری مرحلے میں

ورون گاندھی
،تصویر کا کیپشنورون گاندھی پر سبھی کی نظریں ہیں جن کے بعض بیانات پر کافی ہنگامہ ہوا
    • مصنف, صلاح الدین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،دلی
  • وقت اشاعت

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے پیر کی شام کو انتخابی مہم ختم ہورہی ہے۔ آخری مرحلے میں تیرہ مئی کو چھیاسی نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے جس کے ساتھ ہی پولنگ کا مرحلہ ختم ہو جائیگا۔ ووٹوں کی گنتی سولہ مئی کو ہوگئی۔

آخری مرحلے میں ریاست تامل ناڈو کی انتالیس، اتر پردیش کی چودہ، مغربی بنگال کی گیارہ، پنجاب کی نو، اترا کھنڈ کی پانچ، ہماچل پردیش کی چار، جموں کشمیر کی دو اور چنڈی گڑھ اور پانڈیچری کی ایک ایک سیٹ کے لیے پولنگ ہوگي۔

انتخابات کے آخری مرحلے میں وزیر داخلہ پی چدامبرم، پنچائتی معاملات کے وزیر مملکت منی شنکر ایّر ، سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ٹی آر بالو، ٹیلی کام کے وزیر اے راجہ، اداکار ونود کھنہ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو جیسے لوگوں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

تیرہ مئی کو ہونے والی ووٹنگ میں جو اہم امیدوار میدان میں ہیں اس میں ترنمول کانگریس پارٹی کی رہنما ممتا بنرجی جنوبی کولکتہ سے، ورون گاندھی پیلی بھیت سے، مانیکا گاندھی آنولہ سے، جیا پردہ رام پور سے، سلیم شیراونی بدایون سے اور مراد آباد سے سابق کرکٹر اظہرالدین جیسے لوگ اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

اظہرالدین
،تصویر کا کیپشناظہرالدین نے مرادآباد میں اپنی زبردست انتخابی مہم چلائی ہے جہاں تیرہ مئی کو انتخاب ہونا ہے

ریاست تامل ناڈو میں اس وقت سب سے بڑا انتخابی موضوع سری لنکا میں تامل باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ہے۔ وہاں اس کے خلاف کئی بار احتجاج بھی ہوچکا ہے۔ دو ہزار چار کے انتخابات میں تامل ناڈو میں ڈی ایم کے اور کانگریس کے اتحاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس بار اسے جے للتا کی اے آئی ڈی ایم پارٹی سے سخت مقابلہ ہے۔

مغربی بنگال میں آخری مرحلے کا انتخاب بایاں محاذ اور ترنمول کانگریس دونوں ہی کے لیے بہت اہم ہے۔ جن گیارہ سیٹوں پر انتخاب باقی ہے اس میں سے بایاں محاذ نے پچھلی بار دس سیٹیں جیتی تھیں لیکن اس بار ترنمول کانگریس اور کانگریس کے اتحاد سے اس کا سخت مقابلہ ہے۔

ریاست پنجاب میں لوک سبھا کی کل تیرہ سیٹیں ہیں۔ پچھلی بار شرومنی اکالی دل بادل نے اس میں سے گیارہ سیٹیں جیتی تھیں اور کانگریس نے صرف دو۔ لیکن اس بار ان دونوں میں سخت مقابلہ ہے۔