امریکی تنصیبات پر سائبر حملے کا خدشہ

برقی تنصیبات
،تصویر کا کیپشنہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے قانون سازی کی جائےگی
    • مصنف, میگی شیلز
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت

امریکی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ ملک کو بجلی فراہم کرنے والی تنصیبات سائبر حملے کی زد میں ہیں ۔یہ بات ان اطلاعات کے بعد کہی گئی ہے جس کے مطابق غیر ملکی سائبر جاسوسوں نے بجلی کے نظام تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

وال سٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بجلی کے نظام میں غیر قانونی طور پر سرایت کرنے والوں میں چین اور روس کے جاسوس ملوث ہیں۔ یہ بجلی فراہم کرنے والے نظام میں ایک ایسا سافٹ ویئر داخل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس سے بجلی کی فراہمی معطل کی جا سکتی ہے۔

امریکہ کی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری، جینٹ نوپلو ٹینو، نے کہا ہےکہ وہ پہلے سے جانتے تھے کہ گزشتہ کئی سال سے بجلی کا نظام سائبر حملے کی زد میں ہے’ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ اس سائبر کی دنیا میں اضافہ ہونے کی وجہ سے سکیورٹی کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے‘۔

انہوں نے بجلی کے نظام میں جاسوسی کے لیے سافٹ ویئر داخل ہونے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا تاہم سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہےکہ ان رپورٹس پر انہیں کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے۔

سکیورٹی کے معاملات پر نظر رکھنے والے ڈین کمینسکی اس بات سے بہت زیادہ اتفاقِ کرتے ہیں کہ ’ایس سی اے ڈی اے‘ نامی سکیورٹی نظام جو اہم تنصیبات کو کنٹرول کرتا ہے اس میں صنعتی ترقی کے برعکس بہت کم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سکیورٹی کے معاملات پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہےکہ ملک کو بجلی فراہم کرنے والی تنصیبات میں مداخلت کے پیچھے چین اور روس کی ایک سوچ یہ ہو سکتی ہے کہ اس حکمت عملی کے ذریعے امریکہ کے اثر کو محدود کیا جا سکتا ہے یا ضرورت پڑنے پر نقصان پہنچایا جا سکے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ایرک روزبینچ کا کہنا ہے کہ چین نے اس بات کو سمجھ لیا ہےکہ آپ ایک ایسی حکمت عملی کے ذریعے دوسرے ممالک کی خامیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا کوئی ضرر پہنچا سکتے ہیں جس کی وجہ سے نہ محاذ آرائی ہو اور نہ ہی کوئی بین الاقوامی تنازعہ کھڑا ہو جائے۔

امریکہ صدر براک اوباما نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد سائبر سکیورٹی کی اہمیت کے مدنظر احکامات جاری کیے ہیں کہ سائبر سکیورٹی کے معاملات کا جامع جائزہ لیا جائے۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کے اہلکار بینی تھامسن نے کہا ہے کہ بجلی کی تنصیبات کی سکیورٹی کی خامیوں پر قابو پانے کے لیے جلد قانون سازی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق چین نے امریکہ کی حساس معلومات تک رسائی کی کوشش کی تھی۔