ممبئی: سوائن فلو سے عورت ہلاک

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
ممبئی کے کستوربا ہسپتال میں سنیچر کی شام ایک خاتون فہمیدہ پان والا کی سوائن فلو سے موت واقع ہو گئی۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو ہیلتھ افسر جے راج تھانیکر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی تاہم فہمیدہ کےلواحقین کا دعوی ہے کہ ان کی موت ذیابیطس اور فشارِخون یا بلڈ پریشر میں اضافہ کی وجہ سے ہوئی۔
کستوربا ہسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹینڈنٹ اومیش ایگل نے بتایا کہ فہمیدہ کو گزشتہ شب ہسپتال لایا گیا تھا۔ ہسپتال نے N1H1 ٹیسٹ کے لیے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ڈپارٹمنٹ ( پونے ) بھیجے تھے جہاں سے ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے سے قبل ہی مریضہ کو ٹیمی فلو کی گولیاں دی جا رہی تھیں لیکن وہ اسے بچانے میں کامیاب نہیں ہو سکے کیونکہ مریضہ کو ہسپتال میں بہت ہی نازک حالت میں لایا گیا تھا۔ ساتھ ہی وہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں اور انہیں نمونیہ ہوا تھا۔ تھانیکر کے مطابق فہمیدہ کی موت کی ایک وجہ سوائن فلو بھی ہے۔
ملک میں سوائن فلو سے ہونے والی یہ دوسری موت ہے۔ پہلی موت پونے میں ایک چودہ سالہ لڑکی ردا شیخ کی ہوئی تھی۔
مہاراشٹر پورے ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔ یہاں پونے میں سب سے زیادہ سوائن فلو کے کیس درج ہوئے ہیں۔ سنیچر کو ہی پونے میں چالیس نئے کیس درج ہوئے۔ پونے کے بعد ممبئی میں سوائن فلو تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے جہاں سنیچر کے روز سولہ نئے کیس درج ہوئے۔
کستوربا ہسپتال میں جانچ کرانے والوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔ ہیلتھ ایگزیکٹیو تھانیکر کے مطابق ہسپتال میں اب تک دو سو ستر مشتبہ کیسوں کی جانچ کی گئی جن میں سے پینتیس پازیٹیو کیس تھے۔
ہسپتال میں ایک علیحدہ وارڈ بنایا گیا ہے جہاں اس وقت سوائن فلو کے اکیس مریضوں کا علاج جاری ہے اور سب کی حالت بہتر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں بھی ایک شخص کا سوائن فلو کا علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔






















