ٹوئنٹی 20 میں نیوزی لینڈ فاتح

یوراج سنگھ
،تصویر کا کیپشنیوراج سنگھ
    • مصنف, ہارون رشید
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

ولنگٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری بین الاقوامی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

بھارت نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے ایک سو پچاس رن کا ہدف فراہم کیا تھا جو کہ نیوزی لینڈ نےاوپنر برینڈن میکللم کی شاندار بلے بازی کی بدولت میچ کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میکللم انہتر رن بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے دو جبکہ ظہیر خان، یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر ایک سو انچاس رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بلے باز یوراج سنگھ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔یوراج نے چونتیس گیندوں پر پچاس رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ یوراج کے علاوہ سہواگ گیارہ گیندوں پر چوبیس رن بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بٹلر اور او برائن نے دو،دو جبکہ سُودی اور کپتان ویٹوری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ بدھ کو سیریز کے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے انڈیا کو سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں ایک سو باسٹھ رن بنائے تھے اور نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف انیسویں اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

انڈیا کی ٹیم حالیہ دورۂ نیوزی لینڈ میں دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا آغاز تین مارچ سے ہوگا۔