ایتھلیٹکس کی ڈائمنڈ لیگ کا اعلان

یوسین بولٹ
،تصویر کا کیپشنیوسین بولٹ اب بارہ مقابلوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے
وقت اشاعت

بین الاقوامی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سنہ 2010 سے ایتھلیٹکس کی نئی عالمی لیگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جسے ڈائمنڈ لیگ کا نام دیا گیا ہے۔

اس لیگ کے تحت دنیا بھر کے شائقین یوسین بولٹ اور اصافہ پاول جیسے ایتھلیٹس کو یورپ، ایشیا اور امریکہ میں منعقد ہونے والے بارہ مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دیکھیں گے۔ اس لیگ کے تحت برطانیہ میں بھی دو ایتھلیٹکس مقابلے ہوں گے جن میں سے ایک لندن اور ایک برمنگھم یا گیٹ شیڈ میں منعقد ہو گا۔

ڈائمنڈ لیگ کے تحت ایتھلیٹس کے چھ مقابلے یورپ میں منعقد ہوں گے جو کہ حالیہ عالمی لیگ کے تحت ہونے والے مقابلوں کی جگہ لیں گے جبکہ نئی لیگ کے تحت امریکہ میں دو، چین میں ایک اور ممکنہ طور پر مشرقِ وسطٰی میں ایک نیا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔

بین الاقوامی ایتھلیٹکس کو اس وقت کرکٹ اور فٹبال جیسے کھیلوں سے شدید مسابقت کا سامنا ہے۔ حالیہ عالمی معاشی بحران نے بھی ان کھیلوں کو شدید متاثر کیا ہے اور اب بین الاقوامی ایتھلیٹکس فیڈریشن نہ صرف اپنا دائرہ کار یورپ سے باہر پھیلانا چاہتی ہے بلکہ نئے شائقین کو بھی اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے۔ اب تک عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ایک برس کے دوران چند ہی بار مقابلوں میں شریک ہوتے ہیں اور کبھی کبھار یہ شرکت صرف عالمی چیمپئن شپ یا اولمپکس میں ہی ہوتی ہے۔

ایتھلیٹس کی شرکت کو مزید پرکشش بنانے کے لیے ڈائمنڈ لیگ میں ایتھلیٹس کے درمیان ایک ’ڈائمنڈ ریس‘ بھی ہو گی جس کے تحت لیگ کے دوران سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو چار قیراط وزن کا ایک ہیرا بھی دیا جائے گا جس کی مالیت اسّی ہزار ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔

آئی اے اے ایف کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ فیڈریشن نے اس نئے پروفیشنل سرکٹ کا خیال پیش کیا ہے جس کے نتیجے میں ہونے مقابلوں سے بین الاقوامی سطح پر شائقین کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔