انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ منسوخ

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ولنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس دوران تین بار بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ جب امپائرز نے تیسری بارش بارش کی وجہ سے میچ کی منسوخی کا فیصلہ کیا تو بھارت نے انتیسویں اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر ایک سو اٹھاسی رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا تاہم اس میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت ترپّن رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
بھارتی اننگز میں سچن تندولکر اور وریندر سہواگ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ تندولکر اکسٹھ رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ سہواگ نے چوّن رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ کی منسوخی کے بعد بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ ’انڈور سٹیڈیمز کے بغیر موسمی حالات پر قابو پانا ممکن نہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’میں یہ تو نہیں جانتا کہ ہم یہ میچ جیت پاتے یا نہیں لیکن اگر ہماری اننگز پچاس اوورز تک چلتی تو یقیناً ہم بہتر پوزیشن میں ہوتے‘۔
اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے وکٹ کیپر برینڈن میکللم کے زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں بطور بلے باز کھلایا اور وکٹ کیپنگ کے لیے پیٹر میگلیشن کو ٹیم میں لایا گیا جبکہ نیل بروم نیوزی لینڈ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے ہلاکشدگان کی یاد میں بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھیں اور میچ کے آغاز پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو کرائسسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔


















