پاکستان ڈیوس کپ گروپ ٹو میں

ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ میں پاکستان کو اومان پر تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔
اومان کے دارالحکومت مسقط میں واقع سلطان قابوس سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے مقابلوں میں پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان نے پہلے اپنے انفرادی میچوں میں فتح حاصل کی اور اس کے بعد ڈبلز مقابلے میں بھی اومانی کھلاڑیوں کو زیر کر لیا۔
چھ سے آٹھ مارچ تک جاری رہنے والے ان مقابلوں کے پہلے میچ میں اعصام الحق نے خالد النبہانی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی تاہم عقیل خان کو اپنے مدمقابل محمد النبہانی پر فتح کے لیے خاصی جدوجہد کرنا پڑی۔
محمد النبہانی نے ابتدائی دو سیٹ جیت کر اپنی پوزیشن مضبوط بنا لی تھی تاہم عقیل خان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور آخری تین سیٹ جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔
ڈبلز مقابلے میں اعصام اور عقیل نے اومانی کھلاڑیوں کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹ سے ہرایا۔
گروپ ون میں فتح کے بعد پاکستان کا سامنا گروپ ٹو میں فلپائن اور ہانگ کانگ کے درمیان ہونے والے مقابلے کی فاتح ٹیم سے دس سے بارہ جولائی کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں ہو گا۔


















