اولمپکس:کھدائی کے دوران نوادرات برآمد

لندن اولمپکس کے لیے پانچ سو ایکڑ رقبے پر کھدائی ہو رہی ہے
،تصویر کا کیپشنلندن اولمپکس کے لیے پانچ سو ایکڑ رقبے پر کھدائی ہو رہی ہے
وقت اشاعت

لندن میں اولمپکس پارک کی تعمیر کے لیے کی جانے والی کھدائی کے دوران متعدد نوادرات دریافت ہوئے ہیں۔

مشرقی لندن میں واقع پانچ سو ایکڑ پر محیط اس جگہ سے ملنے والے نوادرات میں چار ہزار سال پرانا ایک کلہاڑا، دوسری جنگِ عظیم کے دو ہیلمٹ اور انیسویں صدی سے تعلق رکھنے والی ایک کشتی، رومی عہد کا ایک سکہ اور چار قدیم ڈھانچے شامل ہیں۔

اب تک کھدائی کے دوران ایک سو چالیس خندقیں کھودی جا چکی ہیں۔ اولمپک ڈیلیوری اتھارٹی کے سربراہ کے مطابق یہ ایک بڑی لاجسٹکس ایکسرسائز ہے۔

لندن میوزیم کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ ان اشیاء کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق قدیم ڈھانچے کھدائی کے قریب واقع علاقے میں موجود قبروں سے ملے ہیں جبکہ کشتی کو جنگلی پرندوں کے شکار کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

لندن اولمپکس 2012 کے لیے تیار کیے جانے والے اولمپکس پارک میں اسّی ہزار نشستوں کا ایک سٹیڈیم، ساڑھے سترہ ہزار نشستوں کا ایکویٹکس سنٹر اور تین ہزار کھلاڑیوں کا ایتھلیٹ ویلج ہوگا جو کہ سنہ 2011 تک مکمل ہوگا۔