لیور پول ، چیلسی کوارٹر فائنل میں

جیرارڈ نے لیورپول کے لیے دو گول کیے
،تصویر کا کیپشنجیرارڈ نے لیورپول کے لیے دو گول کیے
وقت اشاعت

انگلش فٹبال کلبز لیور پول اور چیلسی نے اپنے مدِ مقابل ٹیموں کو شکست دے کر یورپی چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں جگہ بنا لی ہے۔

منگل کی شام کھیلے جانے والے پہلے میچ میں لیورپول نے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کو چار صفر سے شکست دی جبکہ چیلسی اور یووینٹس کا مقابلہ اگرچہ دو سو گول سے برابر رہا تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے مقابلے کا فاتح ہونے کی بناء پر چیلسی کو فاتح قرار دیا گیا۔

لیور پول اور ریال میڈرڈ کے میچ میں ہسپانوی کلب کے کھلاڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور لیور پول کے فارورڈز نے انہیں پورے میچ میں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

لیور پول کی جانب سے پہلا گول کھیل کے انیسویں منٹ میں فرنینڈو ٹوریز نے کیا۔ کپتان سٹیفن جیرارڈ نے اپنی ٹیم کی برتری میچ کے اٹھائیسویں منٹ میں پنلٹی پر گول کر کے دوگنی کر دی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر لیور پول کو دو صفر سے برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں جیرارڈ نے انفرادی طور پر دوسرا اور میچ کا تیسرا گول کر کے ریال میڈرڈ کی میچ میں واپسی کے امکانات ختم کر دیے۔لیور پول کی جانب سے چوتھا اور آخری گول میچ کے اختتامی لمحات میں ڈوسینا نے کیا۔

چیلسی اور یووینٹس کے درمیان دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے انیسویں منٹ میں یووینٹس کے ایا کوئنٹا نےگول کر کے پہلے میچ میں چیلسی کی حاصل کردہ سبقت ختم کر دی۔

ڈروگبا
،تصویر کا کیپشنڈروگبا نے اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول کیا

پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں چیلسی کے مائیکل ایسیان نے گول کر کے نہ صرف میچ برابر کر دیا بلکہ اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر مجموعی سبقت دلوادی۔ دوسرے ہاف میں یووینٹس کو اس وقت پھر سبقت حاصل ہو گئی جب ڈل پیئرو نے پینلٹی پر گول کر دیا۔ تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے چیلسی کے فارورڈ ڈروگبا نے میچ کے تراسیویں منٹ میں گول کر کے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔

میچ کا اختتام اسی سکور پر ہوا تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے پہلے میچ میں چیلسی کی ایک صفر سے فتح کی وجہ سے چیلسی نے چیمپئنز لیگ کی آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی۔

منگل کو کھیلے جانے والے چیمپئنز لیگ کے دیگر مقابلوں میں بائرن میونخ نے سپورٹنگ لزبن کو ایک کے مقابلے میں سات گول جبکہ ولاریال نے پیننتھیکاس کو دو ایک سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔