تندولکر چوتھے ون ڈے میچ سے باہر

بھارتی بلے باز سچن تندولکر چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف گیارہ مارچ کو منعقد ہونے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
سچن تندولکر کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہی انڈیا نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ میچ میں اٹھاون رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں تندولکر نے ایک سو تریسٹھ رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی تاہم انہیں معدے میں تکلیف کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔
بھارتی ٹیم انتظامیہ کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ تندولکر پانچویں اور آخری ون ڈے میں بھی شریک نہ ہو سکیں تاہم وہ سترہ مارچ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شریک ہوں گے۔خیال ہے کہ مڈل آرڈر بلے باز روہت شرما بھارتی ٹیم میں تندولکر کی جگہ لیں گے جبکہ سہواگ کے ہمراہ اوپننگ کی ذمہ داری گوتم گمبھیر نبھائیں گے۔
ادھر چوتھے ون ڈے کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان ڈینیئل ویٹوری کی واپسی ہوگی جو اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے تیسرے میچ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ تیسرے میچ میں دس اوور میں ایک سو پانچ رن دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہ کرنے والے کیوی بال ٹم سودی کو بھی چوتھے میچ کے لیے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے برتری حاصل ہے۔


















