ٹیسٹ میچ ڈرا، سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

کرس گیل
،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈین کپتان کرس گیل وزڈن ٹرافی کے ہمراہ
وقت اشاعت

ٹرینیڈاڈ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا پانچواں ٹیسٹ میچ بےنتیجہ رہا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

یہ نو برس میں پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ ویسٹ انڈیز سیریز کی روایتی وزڈن ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور یہی نہیں بلکہ گزشتہ پانچ برس میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈین ٹیم دنیائے کرکٹ کی کسی مضبوط ٹیم کے خلاف سیریز جیت سکی ہے۔

انگلینڈ نے میچ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے دو سو چالیس رن کا ہدف فراہم کیا تھا اور اسے یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے کم از کم چھیاسٹھ اوور میسر تھے۔ تاہم ابتدائی انیس اوورز میں تین وکٹیں گنوانے کے بعد ویسٹ انڈین بلے بازوں نے میچ میں فتح کی بجائے سیریز میں فتح کا عزم مدِ نظر رکھا اور محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں انگلش بالر وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے تاہم وہ تمام ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے اور جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چودہ رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے سپنر گریم سوان نے دوسری اننگز میں تیرہ رن کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں پر دو سو سینتیس رن بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے کیون پیٹرسن نے ایک سو دو رن کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر میٹ پرائر بھی اکسٹھ رن بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ نے ٹرینیڈاڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سٹراؤس، کالنگ وڈ اور میٹ پرائر کی سنچریوں کی بدولت پانچ سو چھیالیس رن سکور کیے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ سو چوالیس رن کا مجموعہ تشکیل دیا تھا جس میں کپتان کرس گیل، چندر پال اور نیش کی سنچریاں شامل تھیں۔