انگلینڈ کی شکست کا سلسلہ جاری

ویسٹ انڈیز کے شہر ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو چھ وکٹ سے ہرا دیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 1۔19 اوورز میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم نے مقررہ ہدف اٹھارہ اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
انگلش اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اکیاون رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والے کھلاڑی مستحکم شراکت داریاں قائم کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم ایک سو اکیس رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے اسٹیو ڈیوس27 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سپنر سلیمان بین نے تین وکٹ لیے۔
ایک سو بائیس رن کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز نے پانچویں اوور کے اختتام تک پینتالیس رن بنا لیے۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات اوپنر رام نریش سروان کی عمدہ بلے بازی تھی۔ انہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی انگلینڈ کو شکست دے چکا ہے۔


















