چیمپیئنز ٹرافی جنوبی افریقہ میں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دو ہزار نو کی چیمیئنز ٹرافی کا انعقاد جنوبی افریقہ میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی دو ہزار آٹھ میں پاکستان میں ہونی تھی لیکن سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی۔
سری لنکا نے ٹرافی کے انعقاد کے لیے پیشکش کی تھی لیکن وہاں پر بارشوں کی وجہ سے سری لنکا کو ترجیح نہیں دی گئی اور آخر میں جنوبی افریقہ میں ٹرافی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹرافی دو گراؤنڈز پر چوبیس ستمبر سے پانچ اکتوبر تک منعقد ہو گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ڈیوڈ مورگن نے کہا ’میرے خیال میں بورڈ نے دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ ٹرافی کامیاب ہو گی۔ اس بارے میں کافی خدشات ختم ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’وانڈررز اور سینچوریئن سٹیڈیمز دو عالمی معیار کے گراؤنڈ ہیں۔ اور ہمیں دو ہزار سات کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے معلوم ہے کہ جوہانسبرگ میں ستمبر اور اکتوبر میں موسم کرکٹ کے لیے بہترین موسم ہے۔‘
جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جیرلڈ مجولا نے کہا ’ہم آئی سی سی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے جنوبی فریقہ میں ٹرافی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
آئی سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ دو ہزار دس کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد ویسٹ انڈیز میں تیس اپریل سے سولہ مئی تک ہو گا۔ دو ہزار نو کا ٹورنامنٹ انگلینڈ میں پانچ سے اکیس جون تک ہو رہا ہے۔


















