نیوزی لینڈ اور انگلینڈ فائنل میں

سوزی بیٹس
،تصویر کا کیپشنسوزی نے انیس چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 168 رنز بنائے
    • مصنف, مناء رانا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
  • وقت اشاعت

آسٹریلیا میں جاری خواتین کے کرکٹ عالمی کپ کے سپر سکس مرحلے کے ایک اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو سو تیئیس رنز سے شکست دے کرفائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جو سپر سکس مرحلے کے آخری میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے شکست کھانے کے باوجود فائنل تک رسائی میں کامیاب رہی ہے۔

سڈنی کے سٹیڈیم ڈرموین اوول میں کھیلے گئے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو تہتر رنز بنا ڈالے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سوزی بیٹس نے سب سے زیادہ سکور کیا۔ انہوں نےانیس چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 168 رنز بنائے۔یہ سوزی کی بین الاقوامی میچز میں دوسری سنچری تھی۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیڈی ٹفن نے بھی سنچری بنائی۔ پاکستان کی طرف سے نائلہ نمیر اور ساجدہ شاہ نے دو دو وکٹیں لیں۔

تین سو تہتر رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز سے اننگز شروع کی اور سکور بناء کسی نقصان کے بیالیس رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم اس موقع پر اوپنر بسمہ معروف آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد پاکستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پاکستان کی پوری ٹیم انچاسویں اوور میں ایک سو پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر نین عابدی نے سب سے زیادہ باون رنز بنائے جبکہ کپتان عروج ممتاز نے بھی ستائیس رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوسی ڈولن نے تین وکٹیں لیں جبکہ نیکولا براؤن اور سارا توشیوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹیم نے خلافِ توقع بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف پہلے راؤنڈ میں سری لنکا کو شکست دے کر سپر سکس کے لیے کوالیفائی کیا بلکہ اس مرحلے میں بھی ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف فتح حاصل کی۔

سپر سکس کے دوسرے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے اگرچہ انگلینڈ کو ہراتو دیا لیکن وہ فائنل میں جگہ نہ بنا سکی۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو فتح کے لیے ایک سو باسٹھ رن کا ہدف فراہم کیا جو کہ آسٹریلوی ٹیم نے اوپنرز شیلی نشتک اور لیہ پولٹن کی اناسی رن کی شراکت کی بدولت باآسانی حاصل کر لیا۔