ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست

ویسٹ انڈیز نے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو اکیس رن سے شکست دے دی ہے۔
گیانا میں ہونے والے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پچاس اوور میں آٹھ وکٹ پر دو سو چونسٹھ رن بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 243 رن پر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ چندر پال نے شاندار بیٹنگ کی اور 112 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ چندر پال کے بعد دوسرے سب سے کامیاب بیٹسمین رام نریش سروان رہے انہوں نے 74 رن بنائے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے بالنگ کے ساتھ تو انصاف کیا لیکن بیٹنگ میں کمزور رہی۔ کپتان اینڈریو سٹراس نے 105 رن بنائے لیکن ان کی سنچری ٹیم کو ہار سے نہیں بچا سکی۔
کپتان سٹراس کے علاوہ ماسکرینس نے کچھ بہتر سکور کیا اور 29 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اویس شاہ نے بائیس رن بنائے۔ اس کے علاوہ روی بپارا نے 14 پیٹرسن نے 12 اور کولنگ ووڈ نے ایک رن بنایا۔اس طرح انگلینڈ ی پوری ٹیم 48 اوور کے بعد 243 رن پر آؤٹ ہو گئی۔


















