سابق کرکٹر اعجاز احمد گرفتار

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
لاہور پولیس نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو مبینہ طور پر جعلسازی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق اعجاز احمد پر ایک کروڑ روپے اور پانچ لاکھ روپے کے دو جعلی چیک ایک شخص کو دینے کا الزام ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اعجاز احمد کو اس مقدمے میں اشتہاری بھی قرار دیا گیا تھا ۔ جمعرات کو وہ کسی مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں گئے تھے کہ واپسی پر انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا اور گلبرگ تھانے کے لاک اپ میں لے جاکر بند کر دیا۔بعد میں انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اے ایس پی کے کمرے میں لایا گیا۔
اعجاز احمد نے لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جان بوجھ کر اس مقدمے میں پھنسایا گیا ہے اور اس کے پس پردہ کچھ سیاسی لوگ ہیں۔
اعجاز احمد نے پاکستان کی طرف سے ساٹھ ٹیسٹ اور دو سو پچاس ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ وہ 1992ءورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اس وقت وہ قومی کرکٹ اکیڈمی میں فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔


















