کرکٹر اعجاز احمد جیل منتقل

- مصنف, مناء رانا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو لاہور کی ایک مقامی عدالت نے چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جانے کا حکم دیا ہے تاہم جیل کے ڈاکٹرز نے جیل کی بجائے انہیں واپس سروسز اسپتال لاہور بھیج دیا ہے۔
اعجاز احمد جنہیں چھبیس مارچ کو مبینہ طور پرایک کروڑ پانچ لاکھ کے جعلی چیک دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور اس سےاگلے روز انہیں عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن پولیس اسٹیشن میں ہی ان کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب انہیں ہسپتال داخل کروا دیا گیا تھا۔
جمعہ کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا اور اعجاز احمد کے وکیل ایڈوکیٹ کاشف جاوید کے مطابق مجسٹریٹ محمد یونس اعوان کی عدالت کو تحقیقاتی پولیس نے بتایا کہ ان کی تحقیقات کے مطابق اعجاز احمد بے گناہ ہیں اس لیے ان کے خلاف ایف آئی آر خارج کی جاتی ہے لیکن عدالت نے پولیس کی بات نہ مانتے ہوئے انہیں چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اعجاز احمد کو کوٹ لکھ پت جیل بھیجا گیا لیکن وہاں ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کیا اور بقول کاشف جاوید ایڈوکیٹ کے جیل کے ڈاکٹرز کو سروسز اسپتال سے رپورٹس بھی منگوا کر دکھائی گئیں جس پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ جیل میں ان کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہو سکتی اس لیے انہیں واپس سروسز اسپتال بھیج دیا گیا۔
اعجاز احمد کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ عدالت میں اعجاز احمد کی ضمانت کی درخواست دے دی گئی ہے اور کل یعنی ہفتے کے روز اس درخواست کی سماعت ہو گی۔


















