پاکستان کا ہدف ایشیا کپ

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کے خیال میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ پانچ سے بارہ اپریل تک ملائشیا کے شہر اپوہ میں کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان کامقابلہ بھارت، ملائشیا، نیوزی لینڈ اور مصر سے ہے۔
آصف باجوہ جنہوں نے ٹیم کے منیجر کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کافی عرصے کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی ہاکی کھیلنے کو مل رہی ہے۔ لہذا وہ بلند بانگ دعوے سے شائقین کو خوش فہمی میں مبتلا کرنا نہیں چاہتے۔ ٹیم کی تیاری اچھی ہوئی ہے اور وہ اچھے نتائج کی ہرممکن کوشش کرے گی۔
آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی آخری پرفارمنس بھی اتنی اچھی نہیں تھی اور اس وقت اس کی عالمی رینکنگ بھی آٹھویں نمبر پر ہے لہذا یہ کہنا درست نہیں کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں اس کا مقابلہ کمزور ٹیموں سے ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم نے آخری مرتبہ کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت اکتوبر2008ء میں منعقدہ ہمبرگ ماسٹر میں کی تھی اور جرمنی سے چھ ایک کی شکست کے بعد وہ چار ٹیموں میں تیسرے نمبر پر آئی تھی۔
آصف باجوہ کے خیال میں چونکہ ایشیا کپ بھی ملائشیا میں ہونا ہے لہذا پاکستانی ٹیم کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ کھیل کر وہاں کے موسم کا بھی اندازہ ہوگا اور بھارت اور ملائشیا کی ٹیموں سے بھی کھیل کر ان کی قوت کا اندازہ ہوگا یہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کی اہم ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تیاری میں فزیکل فٹنس کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔
آصف باجوہ نے کوچ شاہد علی خان پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مکمل کوچ ہیں اور انہیں صرف ایک گول کیپر کوچ سمجھنا غلط ہے۔ شاہد علی خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ قومی کیمپ میں بہت محنت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ ٹیم راتوں رات غیرمعمولی کارکردگی نہیں دکھاسکتی اس کے لئے وقت چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ان کا اصل ہدف ہے اور اذلان شاہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں جانچنے کا اچھا موقع فراہم کرے گا۔
قومی کوچ نے کہا کہ سہیل عباس اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ان کی کارکردگی اور فٹنس سے مشروط ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیس اپریل سے لاہور میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے تیاری کیمپ کے لئے سہیل عباس، ریحان بٹ، سلمان اکبر اور وسیم احمد کو بھی بلایا ہے جو اسوقت بیرون ملک لیگ ہاکی کھیل رہے ہیں لیکن پاکستان کی نمائندگی کے خواہش مند ہیں۔


















