ایورسٹ پر میچ کے لیے ٹیم روانہ

دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ پر ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی خواہش رکھنے والے پچاس مہم جوؤں کی ٹیم اپنے مشن پر روانہ ہوگئی ہے۔
ٹیم نے اپنے سفر کا آغاز لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے کیا ہے۔
مہم جوؤں کے اس گروپ میں بائیس کھلاڑی شامل ہیں جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر، وکیل اور مالیاتی اداروں کے ملازم ہیں۔ یہ لوگ ایورسٹ پر میچ کے لیے دو ٹیموں میں تقسیم ہو جائیں گے جنہیں پہلی مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سر ایڈمنڈ ہلیری اور ان کے مددگار شرپا کے نام پر ٹیم ہلیری اور ٹیم تن زینگ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ میچ نیپال میں پانچ ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ایورسٹ بیس کیمپ میں ایک برفانی جھیل پر بنائی جانے والی مصنوعی پچ پر اکیس اپریل کو کھیلا جائےگا اور اسے لارڈز میں موجود شائقین کے لیے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
اس میچ کے لیے مہم پر جانے والے پچاس افراد نے مہینوں تک تربیت حاصل کی ہے اور مہم کے دوران ان کے ساتھ ایک طبی ٹیم بھی جا رہی ہے۔ اس مہم جو ٹیم کے سربراہ رچرڈ کرٹلے کا کہنا ہے کہ ’یہ ہم میں سے کسی کے لیے بھی سب سے بڑی جسمانی مشقت ہے۔ ہم سب عام لوگ ہیں اور کچھ غیر معمولی کام کرنے کے لیے یہ غیر معمولی قدم اٹھا رہے ہیں‘۔
مہم جوؤں کو امید ہے کہ وہ اپنی اس کوشش سے خیراتی اداروں کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر کی رقم اکھٹی کرنے میں کامیاب رہیں گے۔


















