تین برطانوی ٹیمیں سیمی فائنل میں

یورپ کے مقبول ترین فٹ بال مقابلوں چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کے لیے تین برطانوی کلبوں، مانچسٹر یونائیٹڈ، چیلسی اور آرسنل نے کوالیفائی کر لیا ہے۔
چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ کا مقابلہ آرسنل سے ہوگا جب کہ لندن کے ایک اور مشہور کلب چیلسی کا مقابلہ سپین کے کلب بارسلونا سے ہو گا۔
سیمی فائنل کے مرحلے سے پہلے مانچسٹر یونائیٹڈ اور آرسنل کے مینیجروں، سر ایلکس فرگوسن اور آرسن وینگر نے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں دونوں کلبوں کے درمیان کانٹے کے میچ دیکھنے میں آئیں گے اور فٹ بال کے شائقین کو زبردست فٹ بال دیکھنے کو ملے گی۔
سیمی فائنل کے مرحلے میں ہر ٹیم کو دو دو میچ کھیلنے کو ملتے ہیں جس میں ایک ان کے اپنے میدان اور دوسرا دوسری ٹیم کے میدان میں کھیلا جاتا ہے۔
بدھ کی شام کو ایک زبردست مقابلے کے بعد مانچسٹر یونائٹڈ نے پرتگال کے کلب ایف سی پورٹو کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیموں کا پہلا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا اور اس طرح یونائیٹڈ نے مجموعی طور پر ایف سی پورٹو کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے چوبیس سالہ پرتگالی کھلاڑی رونالڈو نے میچ کے چھٹے منٹ میں چالیس گز کی دوری سے ایک زبردست شاٹ مار کر گول کر دیا۔رونالڈو نے اس گول کو اپنی زندگی کا بہترین گول قرار دیا۔ مانچسٹر یونائٹڈ کے مینیجر سر ایلکس فرگوسن نے کہا کہ ’یہ ایک حیرت انگیز اور ناقابل یقین شاٹ تھی‘۔ انہوں نے کہا کہ اس شاٹ سے گول کیپر بھی حیران رہ گیا اور میچ کے ابتدائی مرحلے میں برتری حاصل ہونے سے مخالف ٹیم دباؤ میں آ گئی۔
رونالڈو کےگول نےمانچسٹر یونائیٹڈ کو پورٹو میں کامیانی حاصل کرنے والے پہلے برطانوی کلب کا اغزاز بھی دلوا دیا۔
چیمپئنز لیگ کے ایک اور مقابلے میں برطانوی کلب آرسنل اور سپین کے کلب ولاریال کے درمیان میچ میں آرسنل کی ٹیم ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے جیت گئی۔ اس سے قبل منگل کو ہونے والے مقابلوں میں چیلسی نے لیور پول کو جبکہ بارسلونا نے بائرن میونخ کو شکست دی تھی۔


















