آئی پی ایل: دکن چارجرز کی فتح

جنوبی افریقہ میں جاری انڈین پریمیئر لیگ کے چوتھے دن ایک میچ میں دکن چارجرز نے بنگلور رائل چیلنجرز کو چوبیس رن رن سے شکست دے دی ہے۔
دکن چارجرز نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر ایڈم گلکرسٹ اور آر شرما کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر ایک سو چوراسی رن بنائے۔
دکن چارجرز کی جانب سے گلکرسٹ پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اکہتر رن بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ شرما نے پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے باون رن بنائے۔ بنگلور کی جانب سے کیون پیٹرسن نے دو جبکہ ڈیل سٹین، پروین کمار اور جیسی رائیڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایک سو پچاسی رن کے ہدف کے تعاقب میں بنگلور کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی ابتدائی تین وکٹیں اڑتیس رن پر گر چکی تھیں۔ تاہم بعدازاں راہول ڈراوڈ اور وی کوہیلی نے بنگلور کی ٹیم کو سہارا دیا۔ ڈراوڈ نے اڑتالیس جبکہ کوہلی نے باون رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ دونوں بلے باز بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے اور مقررہ بیس اوور میں بنگلور کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو ساٹھ رن ہی بنا سکی۔
دکن کی جانب سے سٹائرس نے تین، آر پی سنگھ نے دو جبکہ اوجھا اور ایڈورڈز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


















