آئی پی ایل: دہلی، راجستھان کی جیت

دہلی ڈیرڈیولز
،تصویر کا کیپشندہلی ڈیرڈیولز کے کپتان سہواگ اپنی ٹیم کے ہمراہ فتح کا جشن مناتے ہوئے
وقت اشاعت

آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے نویں اور دسویں میچ میں دہلی ڈیرڈیولز نے چینائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد کولکتہ نائٹ رائڈرز کو شکست دی ہے۔

پہلا میچ ڈربن میں ہوا جس میں دہلی ڈیرڈیولز نے چینائی سپر کنگز کو نو رنز سے شکست دی ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن کے کنگزمیڈ گراؤنڈ میں ہونے والے اس میچ میں دہلی ڈیرڈیولز کی ٹیم نے پانچ وکٹ کے نقصان پر مقررہ بیس اوورز میں 189 رنز بنائے جبکہ چینائی سپر کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنا پائی۔

دہلی ڈیرڈیولز کی طرف سے سب سے زیادہ رنز اے بی ڈویلیئرز نے بنائے جو 105 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے یہ سکور 54 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا۔

ان کے علاوہ دہلی کی طرف سے سب سے زیادہ سکور بنانے والوں میں ٹی ایم دلشن (50) اور کے ڈی کارتھک (18) شامل ہیں۔

چینائی کی طرف سے ایل بالاجی نے چار اوورز میں تین کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ فلنٹاف اور مرلی دھرن کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آئی۔

چینائی سپر کنگز نے اچھی بیٹنگ سے آغاز کیا اور اوپنرز، میتھیو ہیڈن اور پی اے پٹیل سکور کو 51 تک لے گئے۔ اس سکور پر پٹیل 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چینائی کی طرف سے سب سے زیادہ سکور ہیڈن نے بنایا جو 27 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ قابلِ ذکر سکور رائنا کا تھا جو 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دہلی کے سب سے زیادہ کامیاب بولر سانگوان رہے۔ انہوں نے 28 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ڈینیئل ویٹوری کے حصے دو جبکہ نیہرا کے حصے ایک وکٹ آئی۔

ڈویلیئرز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کا دوسرا میچ کولکتہ نائٹ رائڈرز اور راجستھان رائلز کے درمیان ہوا۔ کولکتہ نے ٹاس جیت کر راجستھان کو کھیلنے کی دعوت دی۔ میچ بارش کی وجہ سے دیر سے شروع ہوا تھا۔

راجستھان رائلز نے یہ میچ کولکتہ نائٹ رائڈرز سے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد جیت لیا۔ یہ میچ آخری گیند پر ایشانت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد سپر اوور کے مرحلے میں داخل ہو گیا تھا۔

میچ اس وقت ٹائی ہوا جب آخری اوور میں گنگولی 46 رنز بنا کر کامران خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت کولکتہ کا سکور 149 تھا اور اسے میچ جیتنے کے لیے صرف دو رنز درکار تھے۔ ان کے فوراً بعد شرما بھی 150 کے سکور پر رن آؤٹ ہو گئے اور میچ ٹائی ہو گیا۔ ٹائی کے لیے رول ہے کہ اس طرح میچ سپر اوور کے مرحلے میں داخل ہو جاتا ہے۔ سپر اوور میں ہر ٹیم کو ایک ایک اوور ملتا ہے اور جو ٹیم اس میں زیادہ سکور بناتی ہے وہ جیت جاتی ہے۔

کولکتہ کی طرف سے کرس گیل کھیلنے کے لیے آئے اور اس اوور میں کل پندرہ رنز بنے۔ اس طرح راجستھان رائلز کو میچ جیتنے کے لیے سولہ رنز درکار تھے۔ راجستھان کی طرف سے یوسف پٹھان کھیلنے آئے۔ انہوں نے اس اوور میں دو چھکے کی مدد سے سولہ رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوا دی۔

اس سے قبل راجستھان رائلز نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے۔ رائلز کی طرف سے یوسف پٹھان 42، آر اے جدیجا 22 اور ماسکرینہاس 27 کر آؤٹ ہوئے۔