’اوس کی وجہ سے آف سپنر نہ چل سکے‘
- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
- وقت اشاعت
آسٹریلیا کے ہاتھوں عرب امارات کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کے بعد پاکستانی کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ شام کے بعد گراؤنڈ میں پڑنے والی اوس کے باعث ان کا سپن اٹیک کامیاب نہیں ہو پایا جو ان کی ناکامی کا باعث بنا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ان کے لئے یہ بہت حیرانی کی بات ہے کہ دبئی جیسے گرم مرطوب شہر میں اوس پڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے دبئی کے گراؤنڈ میں پریکٹس کر رہے ہیں لیکن آج پہلی بار انہوں نے یہاں اوس پڑتے دیکھی ہے۔
آسٹریلیا نے دو سو سات رنز کا ہدف چار وکٹ کے نقصان پر بآسانی چھیالیسویں اوور میں پورا کر کے سیریز کو ایک ایک میچ سے برابر کر دیا ہے۔
گزشتہ میچ کی نسبت اس مرتبہ پاکستانی سپن اٹیک آسٹریلوی بلے بازوں کو زیادہ پریشان نہیں کر سکا اور گزشتہ میچ میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے سپن بالرز صرف دو وکٹ لے سکے۔
یونس خان نے کہا کہ اس میچ میں شکست کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہیں اور دنیا کے تیز ترین باؤلر اور بہترین سپن اٹیک کی موجودگی میں ان کی ٹیم اگلے میچ میں ’باؤنس بیک‘ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں ان کے بلے بازوں نے ماہرین سے تبادلہ خیال کے بعد پاکستانی سپنرز کے خلاف جو حکمت عملی اختیار کی وہ کامیاب رہی۔
طویل عرصے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے آج کے’مین آف دی میچ‘ آسٹریلوی آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز نے کہا کہ یہ اننگ ان کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ اتنے دن ٹیم سے باہر رہ کر وہ اعتماد کی کمی کا شکار ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا ’اگر یہ اننگز میں سیریز کے آخری میچ میں کھیلتا تو شائد اتنی اہم نہ ہوتی لیکن دوسرے میچ میں نصف سینچری سے آئندہ میچوں کے لئے میرے اعتماد میں اضافہ ہو گیا ہے۔‘
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریرز کا تیسرا میچ سوموار ستائیس اپریل کو ابو ظہبی کے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


















