للت مودی کو اظہار وجوہ کا نوٹس

- مصنف, نارائن باریٹھ
- عہدہ, بی بی سی ، جےپور
- وقت اشاعت
راجستھان ہائی کورٹ نے انڈیئن پریمئر لیگ یعنی آپی ایل کے چیرمین للت مودی کو مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔
للت مودی پر عدالت کو بغیر مطلع کیے ملک سے باہر جانے کا الزام ہے۔ للت مودی ایک مقدمے کے سلسلے میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
راجستھان کے ایک شہری سنجے باترا نے للت مودی پر جے پور دھماکے کے متاثرہ افراد کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے جے پور میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔
اس سلسلے ميں عدالت نے انہيں عبوری ضمانت دی ہوئی ہے۔ للت مودی آئی پی ایل کے دوسرے سیزن کے سبب اس وقت جنوبی افریقہ میں ہیں۔
جمعہ کو سنجے باترا کے وکیل اجے جین نے عدالتی نوٹس کی تفصیلات دیں " ہائی کورٹ نے مودی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ان کی عبوری ضمانت کیوں نہ ختم کر دی جائے کیونکہ وہ عدالت کو بغیر مطلع کیے بیرونی ملک چلے گئے۔"
سنجے باترا کے مطابق للت مودی نے جے پور دھماکوں کے متاثرہ افراد کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ان کے لیے چھ کروڑ روپے وزیر اعلی امداد فنڈ ميں جمع کرائيں گے لیکن بقول ان کے دھماکوں کے متاثرہ افراد کو یہ امدادی رقم نہيں ملی اور مودی کا یہ قدم راجستھان کے عوام کے ساتھ ایک دھوکہ ہے۔
حالانکہ مودی ان الزامات کو غلط بتاتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
گزشتہ برس 13 مئی کو جے پور میں سلسلےوار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس وقت آئی پی ایل کرکٹ کا پہلا سیزن کا میچ بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلا جا رہا تھا۔


















