سپنر سعید اجمل کے الزام کی تردید

- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ابوظہبی
- وقت اشاعت
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ امپائرز نے ان کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک ایک آسٹریلین کھلاڑی کی شکایت پر قرار دیا ہے۔
'میں ٹیم کپتان کی حیثیت سے پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ بات کہ رہا ہوں کہ کسی آسٹریلین کھلاڑی نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کے بارے میں کسی امپائر سے کوئی بات نہیں کی'۔
دبئی میں کھیلے گئے میچوں کے دوران امپائرز کی جانب سے مشکوک باؤلنگ ایکشن پر سعید اجمل کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ریویو بورڈ کو بھیجنے پر سعید اجمل نے ایک ویب سائیٹ کو دئیےگئے انٹرویو میں کہا تھا کہ سیریز کے پہلے میچ میں ان کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے انکے ایکش کے بارے میں امپائر سے شکایت کی تھی جس پر یہ ساری کارروائی کی گئی ہے۔
تاہم ابو ظہبی میں سیریز کے تیسرے میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں آسٹریلین کپتان نے اس الزام کی واضح الفاظ میں تردید کی۔
جب ان کی توجہ آؤٹ ہونے کے بعد شین واٹسن کے شکایتی رد عمل کی جانب دلوائی گئی تو انہوں نے کہا کہ آؤٹ ہونے پر شین نے اپنے کھیلنے کے انداز پر افسوس اور اپنے آپ سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ 'لیکن میں اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ ہمارے کسی کھلاڑی کا سعید اجمل کے خلاف ہونے والی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے'۔
اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پاکستانی کوچ انتخاب عالم نے کہا کہ سعید اجمل نے مذکور انٹرویو میں یہ نہیں کہا کہ شین واٹسن نے ان کے خلاف امپائر سے باضابطہ شکایت کی ہے بلکہ شین واٹسن نے انکے ایکشن پر 'اعتراض' کیا تھا۔
انتخاب عالم نے کہا کہ میڈیا کو کسی بھی قسم کا بیان جاری کرنے پر تمام ٹیم ارکان پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرکے اس انٹریو دینے پر بھی انہوں نے نوجوان کھلاڑی سے بات کی ہے اور انہیں سمجھایا ہے کہ اس طرح کا بیان انہیں جاری کرنے سے باز رہنا چاہئے۔
اس موقع پر سیریز کے تیسرے میچ میں اپنی شکست کی ذمہ داری سینئر بلے بازوں پر عائد کرتے ہوئے کپتان یونس خان نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنا مقام حاصل کرنے کے لئے ٹیم کو دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت حاصل کرنا ہو گی۔
'آج کے میچ میں جس طرح ہم نے آسٹریلیا کی ٹیم کو ایک موقع پر بے بس کر دیا تھا اسے دیکھ کر ہماری اس خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں'۔
انتخاب عالم نے تسلیم کیا کہ انکے سینئر بلے بازوں نے غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ان میں سے زیادہ تر غیر ضروری شاٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔
'آسٹریلین باؤلنگ غیر معمولی نہیں تھیں بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہو گا کہ آج ہمارے کھلاڑیوں کو آسٹریلین باؤلرز نے آؤٹ نہیں کیا بلکہ وہ خود آؤٹ ہوئے'۔


















