گگز کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی ریان گگز نے پروفیشنل فٹ بالر ایسوسی ایشن کا سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے ان کے مدِ مقابل ان کے ساتھی کھلاڑی ویڈچ، فرڈیننڈ، رونالڈو اور ایڈون تھے جبکہ لیور پول کلب کے سٹیون جیرارڈ بھی تھے۔
گگز نے ابھی تک بہت سے ایوارڈ جیتے ہیں جن میں دس پریمیئر لیگ ٹائیٹلز بھی شامل ہیں لیکن انہوں نے پی ایف اے ایوارڈ ابھی تک نہیں جیتا تھا۔
گگز نے ایوارڈ ملنے کے بعد کہا ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے یہ ایوارڈ ملا ہے۔ مجھے دو بار کم عمر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا ہے لیکن اس ایوارڈ کی بات ہی کچھ اور ہے۔‘
ایسٹن ولا کے فارورڈ ایشلے ینگ نے پی ایف اے کے سال کے بہترین کم عمر کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ان کے مقابلے میں ان ہی کی ٹیم کے گیبریئل، مانچسٹر یونائیٹڈ کے جونی ایونز اور رفیل ڈی سلوا، سپرز کے آرون لینن اور مانچسٹر سٹی کے سٹیفن بھی شامل تھے۔
گگز نے اپنا پہلا میچ 1991 میں ایورٹن کے خلاف کھیلا تھا اور اس وقت ان کی عمر سترہ سال تھی۔


















