’سب شین واٹسن کا کیا دھرا‘

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنے والے پاکستانی آف سپنر سعید اجمل نے شک ظاہر کیا ہے کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کے اکسانے پر امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا ہے۔
سعید اجمل نے ویب سائٹ ’ کرک انفو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شین واٹسن کو امپائرز بلی باؤڈن اور اسد رؤف کی توجہ ان کے بولنگ ایکشن خاص کر ’دوسرا ‘ گیند کی جانب مبذول کراتے دیکھا تھا اور جب میچ ختم ہوا تو امپائرز نے ان سے کہا کہ ان کی ’دوسرا‘ ڈیلیوری کے ساتھ مسئلہ ہے۔
سعید اجمل نے کہا کہ انہیں امپائرز کی زبانی یہ سن کر بہت حیرت ہوئی تھی لیکن وہ مایوس نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ دس سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن کبھی بھی ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سعید اجمل نے دس اوورز میں صرف انیس رنز دے کر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور نیتھن ہارٹز کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے ون ڈے میچ میں انہوں نے سات اوورز میں سینتیس رنز کے عوض شین واٹسن کی وکٹ حاصل کی تھی۔تاہم میچ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن خاص کر ان کی ’دوسرا‘ گیند پر اعتراض کردیا۔
سعید اجمل آئی سی سی کے قوانین کے مطابق مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنے والے پانچویں پاکستانی بولرہیں۔ ان سے قبل شعیب اختر، شبیر احمد، شاہد آفریدی اور شعیب ملک کے بولنگ ایکشن پر امپائرز اعتراض کرچکے ہیں لیکن بعد ازاں یہ بولرز اعتراضات دور کر کے بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔


















