بارسلونا، چیلسی کا میچ برابر

ڈروگبا
،تصویر کا کیپشنچیلسی کے فارورڈ ڈروگبا نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے
وقت اشاعت

ہسپانوی کلب بارسلونا اور برطانوی کلب چیلسی کے مابین چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے سلسلے میں کھیلا جانا والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

ہسپانوی سٹیڈیم کیمپ نُو میں کھیلے جانے والے میچ میں چیلسی نے زبردست دفاعی کھیل پیش کیا اور بارسلونا کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

میچ کے دوران زیادہ تر وقت بال بارسلونا کے کھلاڑیوں کے پاس رہا لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ بارسلونا کی طرف سے سابق آرسنل سٹار تیئری اونری، بوجان اور ہیلب نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

چیلسی کی طرف سے ان کے فارورڈ ڈروگبا اور آف بیک مائیکل بالاک کسی حد تک گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیمی فائنل کے سلسلے کا دوسرا میچ اگلے بدھ کو لندن کے سٹیمفورڈ برِج سٹیڈیم میں ہوگا۔

چیمیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل کے سلسلے کے پہلے مرحلے کا میچ انتیس اپریل کو دو برطانوی ٹیموں مانچسٹر یونائیٹڈ اور آرسنل کے درمیان ہو گا۔

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کے لیے تین برطانوی کلبوں، مانچسٹر یونائیٹڈ، چیلسی اور آرسنل نے کوالیفائی کر لیا تھا۔

سیمی فائنل کے مرحلے سے پہلے مانچسٹر یونائیٹڈ اور آرسنل کے مینیجر، سر ایلکس فرگوسن اور آرسن وینگر، پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیمی فائنل میں دونوں کلبوں کے درمیان کانٹے کے میچ دیکھنے میں آئیں گے اور فٹ بال کے شائقین کو زبردست فٹ بال دیکھنے کو ملے گی۔

سیمی فائنل کے مرحلے میں ہر ٹیم کو دو دو میچ کھیلنے کو ملتے ہیں جس میں ایک ان کے اپنے میدان اور دوسرا دوسری ٹیم کے میدان میں کھیلا جاتا ہے۔