پاکستان: سات وکٹوں سے کامیابی

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ابو ظہبی میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو 251 رن کا ہدف دیا تھا جو اس نے سینتالیسویں اوور میں 254 رن بنا کر حاصل کیا۔
مین آف دا میچ کامران اکمل کو قرار دیا گیا۔
<link type="page"><caption> تازہ ترین سکور کے لیے کلک کریں </caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/5/16116/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
پاکستان کو یہ کامیابی کامران اکمل اور مصباح الحق کی ناقابل شکست شراکت کی وجہ سے نصیب ہوئی۔ کامران اکمل نے 115 گیندوں پر 116 رن جبکہ مصباح الحق81 گیندوں پر 76 رن بنائے۔
دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی پارٹنرشپ میں مجموعی طور پر 198 رن سکور کیے اور اکتیس اوور تک کریز پر جمے رہے۔
سلمان بٹ بغیر کسی سکور کے رن آؤٹ ہوئے۔جبکہ احمد شہزاد نے انیس اور کپتان یونس خان نے ستائس رن بنائے۔
آسٹریلیا نے اپنے مقررہ پچاس اوور میں پانچ رن فی اوور کی اوسط سے ڈھائی سو رن بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدائی آٹھ اوور میں پہلی نصف سنچری بنائی۔
آسٹریلیا کی اننگز میں واٹسن سب سے نمایاں رہے اور انہوں نے ایک سو سولہ رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیڈن تھے جو شعیب اختر کی ایک گیند پر کپتان یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ یہ مشکل اور تیز کیچ تھا۔ ہیڈن نے اپنی مختصر مگر تیز رفتار اننگز میں سات چوکے لگائے۔ انہوں نے صرف اکتیس گیندوں کا سامنا کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں اٹھاون رن بنائے۔
آسٹریلیا چار میں سے تین میچوں میں برتری حاصل کرکے پہلے ہی سیریز جیت چکا ہے۔ پاکستان نے صرف پہلا میچ جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا سات مئی کو ٹونٹی ٹونٹی میچ میں ہوگا۔


















