ٹوئنٹی20 کے لیے پاکستانی ٹیم

پاکستانی ٹیم
،تصویر کا کیپشنپاکستانی ٹیم پول بی میں انگلینڈ اور ہالینڈ کے ساتھ ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔یہ ورلڈ کپ آئندہ ماہ انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں انیس سالہ بیٹسمین شاہ زیب حسن اور اٹھارہ سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے۔

شاہ زیب حسن جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے نوجوان کھلاڑی ہیں جبکہ محمد عامر نے اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس سیزن میں 56 وکٹیں حاصل کر کے ہر ایک کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

وہ انڈر19 ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے لیکن ڈنگی وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔

سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر شعیب اختر کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

شعیب اختر دو سال قبل بھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل تھے لیکن محمد آصف کو بیٹ مارنے کی وجہ سے وہ سزا کےطور پر وطن واپس بھیج دیے گئے تھے۔مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنے والے آف اسپنر سعید اجمل بھی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ یونس خان ( کپتان ) سلمان بٹ۔ احمد شہزاد۔ مصباح الحق۔ شعیب ملک فواد عالم۔ شعیب اختر۔ کامران اکمل ۔ عمرگل۔ سہیل تنویر۔ شاہد آفریدی۔ یاسرعرفات سعید اجمل۔ محمد عامر اور شاہ زیب حسن۔

پانچ جون سے شروع ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم پول بی میں انگلینڈ اور ہالینڈ کے ساتھ ہے۔

پاکستانی ٹیم دوسال قبل جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی جس میں اسے بھارت نے شکست دی تھی۔