پاکستانی باکسرز: جنوبی کوریا میں ٹریننگ

مہراللہ
،تصویر کا کیپشنمہراللہ ممنوعہ ادویات کے استعمال کی پاداش میں دو سالہ پابندی کے خاتمے پر رنگ میں واپس آئے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستانی باکسرز ایشین باکسنگ چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر نتائج دینے کے لیے جنوبی کوریا میں تربیت حاصل کریں گے۔

اس مقصد کے تحت بارہ باکسرز پر مشتمل سکواڈ جمعہ آٹھ مئی کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول روانہ ہو رہا ہے جہاں وہ اکیس روز قیام کے دوران تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقابلوں میں حصہ لے گا۔

ماضی میں بھی پاکستانی باکسرز کو تجربہ حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک بھیجا جاتا رہا ہے جن میں کیوبا اور روسی ریاستیں قابل ذکر ہیں۔ جنوبی کوریا جانے والے بارہ باکسرز میں ایشین گولڈ میڈلسٹ مہراللہ بھی شامل ہیں جو ممنوعہ ادویات کے استعمال کی پاداش میں دو سالہ پابندی کے خاتمے پر رنگ میں واپس آئے ہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری محمد اکرم کے مطابق مہراللہ کو ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں بھیجنے سے قبل مناسب ٹریننگ کی ضرورت ہے اور کوریا کے دورے میں انہیں پریکٹس مل جائے گی۔

جنوبی کوریا کے تربیتی دورے کے بعد پاکستان کے چھ یا سات باکسرز آئندہ ماہ جون میں چین میں ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ جون ہی میں ترکی میں ہونے والے چار قومی ٹورنامنٹ اور وہاں ٹریننگ کے لیے بھی باکسرز کو بھیجا جائے گا۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر پروفیسر انور چوہدری اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے کیوبن کوچز کی خدمات حاصل کرنے میں ہمیشہ کامیاب رہے تھے۔ تاہم ان کے جانے کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ کیوبن کوچ فرانسسکو ہرناندیز کی تقرری کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی اجازت کا انتظار ہے اور جیسے ہی تمام معاملات طے پاگئے کیوبن کوچ پاکستان آکر باکسرز کی تربیت شروع کردیں گے۔