ہاکی: پاکستان چین میچ برابر

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والا میچ برابری پر ختم ہوا ہے۔میچ کے آخری چالیس سیکنڈ میں پاکستان نے اپنی شکست کو ڈرا میں تبدیل کر دیا۔
ایشیا کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ میں چین نے کھیل کے اکسٹھویں منٹ میں ایک گول کی سبقت حاصل کر لی تھی لیکن سترھویں منٹ میں اختر علی نے گول کر کے پاکستان کو ہارنے سے بچا لیا۔2007 میں ہونے والے ایشیا کپ میں چین نے پاکستان کو تین دو سے ہرایا تھا۔
تین بار چیمپئین رہنے والی پاکستان کی ٹیم میں چار انتہائی تجربے کار کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی پاکستانی ٹیم حاوی رہے گی لیکن توقعات کے برعکس آخری لمحات میں ٹیم کسی طرح میچ بچانے میں کامیاب رہی۔
دنیا کے ٹاپ پینالٹی کارنر کے ماہر سہیل عباس کے پاس ایسے دو موقع آئے جب وہ پینالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر سکتے تھے لیکن وہ ناکام رہے۔
چین نے دفاعی کھیل کھیلا اور جوابی حملے کی ان کی تکنیک کام کر گئی۔اتوار کو پاکستان کا میچ بھارت سے ہے اور سیمی فائنل کی اپنی امید کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں یہ میچ جیتنا ہوگا۔
پاکستانی کوچ شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت تھے کہ چین کے ساتھ میچ ڈرا کر کے ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔’اب اتوار کے میچ میں پاکستانی ٹیم پر خاصا دباؤ رہے گا‘۔


















