شعیب اختر ٹوئنٹی ٹوئنٹی کیمپ سے باہر

شعیب اختر
،تصویر کا کیپشنشعیب اختر جِلدی بیماری میں مبتلا ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

فاسٹ بولر شعیب اختر جلدی بیماری میں مبتلا ہونے کے سبب ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں جو جمعرات سے بھوربن میں شروع ہورہا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر کو جلد کی بیماری ہوگئی ہے جسے ٹھیک ہونے میں تقریباً دس روز لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نے ہدایت کی تھی کہ اس صورتحال میں شعیب اختر کو دوسرے کھلاڑیوں سے الگ رکھا جائے یہی وجہ ہے کہ انہیں کیمپ میں نہیں لایا گیا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا شعیب اختر کیمپ کے اختتام پر تین پریکٹس میچوں میں حصہ لے سکیں گےانتخاب عالم نے کہا کہ اس کا دارومدار ان کی صحتیابی سے ہے تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وہ فٹ ہوکر ورلڈ کپ میں ضرور حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے چار میچوں میں شعیب اختر صرف تین وکٹیں حاصل کرسکے تھے جبکہ واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے دو اوورز میں کوئی وکٹ لیے بغیر اٹھارہ رنز دیے تھے۔

شعیب اختر آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیم میں شامل ہیں۔

وہ دوسال قبل جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹیم کا بھی حصہ تھے لیکن عالمی ایونٹ سے چند روز قبل پریکٹس سیشن کے دوران ساتھی فاسٹ بولر محمد آصف کو بیٹ مارنے کے نتیجے میں وہ وطن واپس بھیج دیے گئے تھے۔