فیڈرر نے ندال کو سپین میں ہرا دیا

ٹینس کے عالمی نمبر دو کھلاڑی راجر فیڈرر نے بالآخر میڈریڈ اوپن میں رافیل ندال کو کلے کورٹ پر شکست دے دی ہے۔ یہ اس سال میں ان کا پہلا ٹائٹل ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی راجر فیڈرر نے چھ چار، چھ چار کے پوائنٹ سے ایک گھنٹہ اور چھبیس منٹ میں ندال کو شکست دی۔ یہ ان کی ندال سے ساتھ کلے (مٹی) کے کورٹ پر کھیلے جانے والے گیارہ میچوں میں دوسری فتح ہے۔
ندال کا کلے کورٹ پر کھیلنے کا ریکارڈ بہت اچھا ہے اور 2005 سے لے کر اب تک کلے کورٹس پر کھیلے جانے والے 155 میچوں میں وہ صرف پانچ ہارے ہیں۔ کلے کورٹس پرگزشتہ تینتیس میچ انہوں نے لگاتار جیتے ہیں۔
سنیچر کو نواک جوکووچ کے خلاف سیمی فائنل میچ ندال نے چار گھنٹوں میں جیتا تھا۔ وہ فیڈرر کے خلاف فائنل میچ میں بالکل فلیٹ نظر آئے۔
میچ کے بعد ندال نے کہا کہ سنیچر کو چار گھنٹے کھیلنے کے بعد فیڈرر سے فائنل کھیلنے سے کھیل پر کوئی اثر نہیں پڑا لیکن ’فیڈرر مجھ سے بہت اچھا کھیلے اور وہ جیت کے مستحق ہیں۔‘
راجر فیڈرر نے میچ کے بعد کہا کہ ’میں بہت، بہت خوش ہوں کہ میں نے مثبت رویہ رکھا اور مجھے وہ جیت ملی جسکی مجھے بے حد ضرورت تھی۔‘


















