’ایشز کو دیکھنے کا مزہ آئے گا‘

شین واٹسن
    • مصنف, جسٹِن لینگر
    • عہدہ, سابق آسٹریلین بیٹسمین اور سمرسٹ کے کپتان
  • وقت اشاعت

اگر آسٹریلیا کے موجودہ سکواڈ کے بارے میں بعض ناقدین کی رائے مان لی جائے تو ایشز کے فاتح یہ موسم گرما اپنے ہی ملک میں گزاریں گے۔

یہ بالکل ویسی ہی صورتحال ہے جیسی انیس سو نواسی میں تھی، جب کچھ لوگوں نے انگلینڈ جانے والی ٹیم کو بدترین ٹورنگ ٹیم گردانا تھا۔ اب اُس سریز کو آنے والے دو عشروں میں آسٹریلیا کو ملنے والی کامیابیوں کے لیے اہم موڑ سمجھا جاتا ہے۔

اینڈریو سیمنڈز کے ٹیم سے خارج کیے جانے کے بارے میں خاصا کچھ کہا جا چکا ہے، اور قطع نظر اس کے کہ میں ان کا پکا مداح ہوں، پھر بھی میں سمجھ سکتا ہوں کہ سلیکٹرز نے انہیں ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا۔

آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے کا کسی کو پیدائشی حق نہیں ہے اور حقائق سے یہ بات واضح ہے کہ پچھلے ایک برس کے دوران فیلڈ اور فیلڈ سے باہر ان کی کارکردگی توقعات سے کم رہی ہے۔

ان کے مقابلے میں اینڈریو میکڈانلڈ آٹھویں نمبر پر بینٹنگ اور اپنی پیس بالنگ سے ٹیم کو اچھا توازن فراہم کرتے ہیں۔

ساؤتھ افریقہ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے ایک مضبوط ٹیم کے سامنے آسٹریلیا کی نمائندگی کی جن میں سے تین آسٹریلیا نے جیتے۔

ان کا جوش و خروش ٹیم میں ہم آہنگی پیدا کرتا ہے جو انگلینڈ کے دورے میں بہت ہی اہم ہوگی۔

شین واٹسن کو دوسرے آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں لیا گیا ہے۔ تاہم ان کا کردار اینڈریو سیمنڈز سے مختلف ہوگا۔ وہ پانچویں یا چھٹے نمبر پر بیٹنگ کر سکتے ہیں اور ان کی بالنگ بونس ہوگی۔

چھٹی وکٹ پر بیٹنگ کے مارکس نارتھ بھی امیدوار ہیں۔ انہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری سکور کی تھی۔

میرے خیال میں وہ سیریز کے ابتدائی میچوں میں ہی ٹیم میں شامل ہوں گے اور ان کی سپِن بالنگ سے بھی ٹیم فائدہ اٹھا سکے گی، خاص طور سے اگر آسٹریلیا اپنے سکواڈ میں چار فاسٹ بالر شامل کرنا چاہتا ہو۔

بریٹ لی اور سٹوارٹ کلارک ٹیم کو درکار تجربہ فراہم کریں گے جبکہ میچل جانسن اور پیٹر سِڈل کی کارکردگی بھی دیکھنے والی ہوگی۔

پچھلے آٹھ ماہ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کی پرفارمنس عمدہ رہی ہے۔ دونوں ہی لڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ تگڑی ہے۔ سائمن کاٹِچ، فِل ہیوز اور رکی پونٹنگ کا ملاپ آسٹریلیا کے لیے اعتماد کا باعث ہوگا۔

میں ایک اور بیٹسمین بریڈ ہوج کو سکواڈ میں شامل کرنا چاہتا، مگر میرا دل کہتا ہے کہ اس وقت آسٹریلیا کی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ ایشز سیریز کو دیکھنے میں مزہ آئے گا۔