بارسلونا چیمپئن لیگ کی فاتح

اٹلی کے شہر روم میں ہسپانوی کلب بارسلونا نے برطانوی کلب مینچسٹر یونائٹڈ کو یورپی فٹبال چیمپئن لیگ کے فائنل میں دو گول سے ہرا دیا ہے۔ مانچسٹر یونائٹڈ کی ٹیم کوئی گول نہیں کر سکی۔
بارسلونا کی طرف سے ایٹو اور میسی نے گول کیے۔ میچ کے اختتام کے بعد بارسلونا کے حامیوں کی طرف سے جشن شروع ہو گیا۔ بی بی سی کے نامہ نگار فِل مکنلٹی نے بتایا کہ زبردست پارٹی شروع ہو گئی اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کئی ہفتے جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ میچ کے ابتدائی منٹوں میں مانچسٹر یونائٹڈ نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن اس کے بعد بارسلونا کی ٹیم میچ پر چھائی رہی۔اس کامیابی سے فرانس کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی تی ایری آنری چیمپئن لیگ میں سونےکا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
میچ کے بعد یونائٹڈ کے ریو فرڈیننڈ نے کہا کہ بارسلونا کی ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اچھطی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
روم میں اس فائنل کے بعد اب ہسپانوی کلب انگلینڈ کے گیارہ کے مقابلے میں بارہ بار یورپی کپ جیت چکے ہیں۔ ہپسانوی کلبوں میں سے ریال میڈرڈ نے نو بار اور بارسلونا نے تین بار کامیابی حاصل کی ہے۔


















